’’ ہیر کا رانجھابھی چلا گیا‘‘ اداکار اعجازدرانی انتقال کر گئے
لاہور(اپنے نامہ نگار سے) پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور میڈم نورجہاں کے شوہر اعجاز درانی طویل علالت کے بعد 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہیں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں لاہور میں سپردخاک کر دیا گیا۔ اعجاز درانی کی پیدائش جلال پور جٹاں کے نواحی گاؤں میں 1935ء میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی فلمی سفر کا آغاز لاہور سے کیا۔ اعجاز درانی نے ایک سو پچاس سے زائد فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے ہدایتکار منشی دل کی فلم حمیدہ میں ساتھی اداکار متعارف ہوئے یہ فلم 1956ء میں ریلیز ہوئی۔ فلم ساز داؤد چاند کی اردو فلم مرزا صاحباں میں بھی سائیڈ ہیرو کا کردار کیا۔ تاہم 1957ء کی ریلیز فلم بڑا آدمی میں بطور ہیرو ان کی پہلی فلم تھی جسے ہمایوں مرزا نے ڈائریکٹ کیا۔ اعجاز درانی نے فلم ہیر رانجھا میں رانجھا کا کردار ادا کیا جو بہت مقبول ہوا۔ انہوں نے پہلی شادی ملکہ ترنم نور جہاں اور دوسری فردوس سے کی۔ اعجاز درانی کے ساتھیوں نے کہا کہ وہ ایک منجھے ہوئے اداکار تھے اور کردار میں ڈوب کر اپنے فن کے جوہر دکھاتے تھے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔