• news

اسد قیصر سے گورنر، وزیراعلی کی ملاقات: سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اسلام آباد میں گورنر  پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ پنجاب میں سینٹ کے امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب خوش آئند ہے وفاقی حکومت سینٹ الیکشن میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں سینٹ کے امیدواوں کا بلامقابلہ انتخاب سیاسی بالغ نظر کا مظہر ہے۔ سینٹ کے ماضی کے الیکشن میں انگلیاں اٹھنا جمہوری عمل کی کمزوری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لیکر چلنے کے خواہاں ہیں صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور وزیراعظم کے وژن  کے مطابق عوامی فلاح اور وزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے پنجاب میں صنعتی ترقی کیلئے خصوصی زونز کے قیام پر کام جاری ہے جس سے ملک اور صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ عثمان بزدار نے جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی علاقے نندنہ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت کے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ دشوار گزار راستوں پر کئی کلومیٹر سفر پیدل چلتے رہے۔ عثمان بزدار ایک مقام پر چشمے کا بہتا ہوا پانی دیکھ کر کنارے بیٹھ  گئے اور منہ ہاتھ دھویا اور چشمے کا پانی پیا۔ حکام کے منع کرنے کے باوجود وزیراعلیٰ نے سیر ہوکر چشمے کا پانی پیا۔ وزیراعلیٰ  نے کہا کہ چمشے کے کنارے بیٹھنا پرلطف ہے۔ چشمے کا پانی میٹھا اور پرتاثیر ہے۔ زندگی بھر پہاڑی چشموں کا پانی پینے میں کبھی جھجک محسوس نہیں کی۔  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر کے دوران شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ گائیڈ لائنز پر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے میں ہی صحت اور زندگیوں کا تحفظ ہے کرونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا شہری احتیاط برتیں۔ عثمان بزدار نے بلوچ کلچر ڈے پر بلوچ بھائیوں کو مبارکباد دی ہے پیغام میں انہوں نے کہ کہ بلوچستان  کی ثقافت امن کی ثقافت ہے۔ عثمان بزدار نے معروف اداکار اعجاز درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن