و یجیلنس کمیٹی کا اجلاس، سینٹ انتخابات میں شفافیت کیلئے اقدامات پر گفتگو کی گئی
اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں سینٹ انتخابات کے حوالے سے قائم کردہ یجیلنس کمیٹی (Vigilance Committee) کا اجلاس منعقدہوا ۔اجلاس کی سربراہی محمد ارشد، ڈائریکٹر جنرل(لاء) نے کی۔ جس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، نیب، ایف بی آر، نادرا اور ایف آئی اے کے نمائندوں نے شرکت کی جو کہ ویجیلنس کمیٹی کے ممبر بھی ہیں۔ اجلاس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ سینٹ انتخابات2021کو شفاف بنانے کے حوالے سے ایسے کونسے اقدامات کی ضرورت ہے جس سے اس تاثر کاموثر انداز میں تدارک کیا جا سکے کہ انتخابات میں ووٹوں کی خریدوفروخت عمل میں آتی ہے۔کمیٹی نے اس حوالے سے یہ فیصلے کئے۔کمیٹی نے لیاقت جتوئی سابقہ رکن اسمبلی کی جانب سے جاری کردہ بیان کا نوٹس لیا جس میں یہ کہا گیا کہ انتخابات میں سیف اللہ ابٹرو کے مبینہ طور پر سینٹ انتخابات کیلئے ٹکٹ35کروڑ کے عوض دیا گیا۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ لیاقت علی جتوئی کو اس حوالے سے خط ارسال کیا جائے کہ وہ کمیٹی کو اس حوالے سے دستاویزی ثبوت فراہم کرے تاکہ معاملے کو آگے بڑھایا جا سکے۔