ڈالر کم ترین سطح پر‘ قرضوں میں 10 کھرب روپے سے زائد کمی: سٹیٹ بنک
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں روپے کی قدر میں مزید بحالی کا سفر جاری ہے۔ امریکی ڈالر ایک سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ جبکہ بیرونی قرضوں میں 10 کھرب روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 19پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد 158روپے کی قدر گر گئی اور نئی قیمت 157روپے 85 پیسے ہو گئی ہے۔ امریکی ڈالر سستا ہونے کے بعد انٹر بنک میں امریکی ڈ الر تقریبا ایک سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ 10 مارچ 2020ء میں ڈالر 157روپے 35 پیسے کی سطح پر تھا۔ دوسری طرف معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں مزید بہتری مل سکتی ہے۔ جنوری 2020ء کے مہینے میں روپے کی قدر 155روپے تھی اگر 155 کی نفسیاتی حد ٹوٹ جاتی ہے تو قوی امکان ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 150 کے قریب آ سکتا ہے۔