سینٹ الیکشن: آرٹیکل 63,62 پر عملدرآمد کیس چیف جسٹس کو بھجوا دیا گیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے سینٹ کے انتخابات میں آئین کے آرٹیکل 63,62 پر عملدرآمد کے حوالے سے کیس لارجر بنچ بنانے کیلئے چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔ جسٹس عابد عزیر شیخ اور شاہد کریم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمشن سینٹ کے انتخابات میں باسٹھ اور ترسٹھ پر عمل درآمد کرانے کا پابند ہے۔ سنگل بنچ نے بغیر سنے اس درخواست کو خارج کیا۔ الیکشن کمشن سینٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریدوفرخت روکنے میں ناکام ہو گیا ہے۔ یہ سارا معاملہ 2013 سے فل بنچ کے سامنے زیر سماعت ہے۔ دوہری شہریت اور سرکاری ملازمت کرنے والوں کیساتھ ساتھ عدالت سے سزا پانے والے افراد کی بھی کوئی فہرست نہیں‘ فہرستوں کی فراہمی کے بغیر آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر عمل درآمد نہیں ہوسکتا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کو سینٹ الیکشن میں آرٹکل 62 اور 63 پر عمل درآمد کروانے کا حکم دے۔