• news

ارکان قومی اسمبلی کی ملاقاتیں بولیاں لگانے کے باوجود اپوزیشن ہارے گی عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اسلام آباد میں ارکان  قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ جاری فلاح عامہ کی سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں اور کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ منتخب نمائندوں کے ساتھ تسلسل کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے بھی مشاورت جاری رہے گی۔ منتخب نمائندوں کی تجاویز کی روشنی میں حلقوں میں فلاح عامہ کے کام ترجیحی بنیادوں پر کرائیں گے۔ ہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پلان متعلقہ ارکان قومی و پنجاب اسمبلی مشاورت سے بنے گا۔ عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔ قوم کو وزیراعظم کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے۔ تنقید کرنے والے عناصر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں، جو کبھی رکے گا نہیں۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر ہر موقع پر ناکام رہے ہیں -اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گزر چکا ہے۔ وسائل کا رخ نظر انداز شہروں کی جانب موڑا ہے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ آپ نے منتخب نمائندوں کوجو عزت و احترام دیا ہے اس کا ماضی میں تصور بھی محال تھا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جمہوری اقدار کی مضبوطی شفاف الیکشن میں مضمر ہے۔ عمران کی قیادت میں تحریک انصاف الیکشن میں شفافیت کیلئے پرعزم ہے۔نوٹوں کے ذریعے ووٹ خریدنا قابل مذمت اورغیر جمہوری عمل ہے۔ کرپٹ عناصر کی جانب سے کرپٹ پریکٹسز کی کوششیں بے نقاب ہوچکی ہیں۔ سینٹ الیکشن میں منڈیاں لگانے والوں کے ارمان کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ اپوزیشن کو بولیاں لگانے کے باوجود سینٹ الیکشن میں شکست ہوگی۔ اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔ عوامی خدمت کے سامنے منفی سیاست کی کوئی وقعت نہیں۔عثمان بزدار نے لاہور پریس کلب کے لائف ممبر سینئر صحافی محمد انیس الرحمن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن