قطر کے سفیر کی وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار سے ملاقات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) قطر کے سفیر شیخ سعود عبد الرحمن آل تھانی نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ ہمیں اقتصادی تعاون سے زیادہ دفاعی، فوجی مشقوں اور اہلکاروں کی تربیت اور مشترکہ منصوبوں کیلئے اپنے تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے فوجی ادارے قطری مسلح افواج کے لئے تربیت کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے حاضر ہیں۔ترجمان وزارت دفاعی پیداوار کے مطابق وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ قطر پاکستان کا پراعتماد اور قابل اعتبار دوست ہے،قطر اور پاکستان کے درمیان اچھے اور برادرانہ تعلقات کی قابل ذکر تاریخ موجودہے اورہم ان تعلقات کو اسی طرح جاری و ساری رکھنا چاہیں گے۔ قطری سفیر نے اس موقع پر کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے کے لئے احترام اور اعتماد کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا یقین دلایاجو عوام کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا باعث ہے۔