استنبول، تہران، اسلام آباد فریٹ ٹرین کی بحالی باعث مسرت :عبدالرزاق داؤد
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مشیرتجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ استنبول، تہران، اسلام آباد ( ای ٹی آئی ) فریٹ ٹرین کی بحالی باعث خوشی ہے ،یہ سروس 9 سال بعد 4 مارچ 2021 سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے ،یہ ٹرین بارہ دن میں یکطرفہ سفر پورا کرے گی،ٹرین میں 750 ٹن سامان کی گنجائش ہوگی- ٹرین سے تینوں ممالک کے درمیان سامان کے نقل و حمل میں آسانی ہوگی- برآمد کنندگان اس متبادل راستے سے فائدہ اٹھائیں – انہوںنے کہا کہ رواں مالی سال کے جولائی – فروری کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.085 بلین امریکی ڈالر کی درآمدات کا اضافہ ہوا ہے – زیادہ تر اضافہ خام مال اور انٹرمیڈیٹ سامان کی درآمد میں ہوا ہے – خام مال اور انٹرمیڈیٹ سامان میں 7.8 فیصد اضافہ ہوا – اس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک میں صنعتی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں – اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ منسٹری آف کامرس کی میک ان پاکستان پا لیسی کامیاب اور اچھے نتائج دے رہی ہے – قیمتوں کے استحکام کیلئے گندم اور چینی کی درآمد سے بھی اس سال امپورٹ بل میں اضافہ ہوا – ایکسپورٹ پر مبنی صنعت کی مدد کیلئے اور ان کے برآمدات کے تحفظ کیلئے کپاس بھی درآمد کی گئیں- رواں مالی سال جولائی – فروری گندم کی درآمدات 909 ملین ڈالر, چینی کی در آمدات 126 ملین ڈالر اور کپاس کی درآمدات 913 ملین ڈالر رہی –