• news

اسلام کی دعوت دینے والے اللہ کی بارگاہ میں مقرب ہوتے ہیں شجاعت

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ سے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی محمد عمران عطاری اور مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ حاجی عمران نے چودھری  شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی۔ اس موقع پر چودھری صباحت الہیٰ‘ رانا خالد اور آصف پولانی بھی موجود تھے۔ حاجی عمران عطاری اور حاجی یعفور رضا عطاری  نے چودھری شجاعت حسین کو دعوت اسلامی کے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ دعوت اسلامی نے تبلیغ اسلام کا منصب بڑے احسن انداز سے سنبھال رکھا ہے‘ اسلام کی دعوت دینے والے بندے اﷲ تعالیٰ کی بارگاہ میں بہت مقرب ہوتے ہیں۔ ہمیں خود اپنے اعمال ٹھیک کرنا ہونگے‘ اﷲ تعالیٰ نے انسان کو عقل سے نوازا ہے اور اچھے برے کی تمیز سکھائی ہے‘ اﷲ تعالیٰ اپنے بندوں کو موقع دیتا ہے کہ وہ اپنے گناہوں سے سچی توبہ کرکے سیدھا راستہ اختیارکر لیں۔ چودھری  شجاعت حسین نے کہا کہ انسان غلط کام خودکرتا ہے اور پھر کہتا ہے کہ اﷲ مالک ہے۔ کالا کبھی سفید نہیں ہو سکتا جب تک خود اس کو ٹھیک کرنے کیلئے محنت نہ کی جائے۔ دعوت اسلامی کے رہنماؤں نے چودھری برادران کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی کے دورے کی دعوت بھی دی۔

ای پیپر-دی نیشن