میروا عظ کی دوبارہ نظر بندی کیخلاف مظا ہرہ پاکستان زندہ باد کے نعرے
سری نگر (نوائے وقت رپورٹ) سری نگر کی فضاء ایک بار پھر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد سری نگر کے قریب کشمیریوں نے مظاہرہ کیا۔ بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین پر بدترین تشدد کیا۔ کئی کشمیری زخمی ہو گئے۔ میر واعظ عمر فاروق کو رہا کر کے ایک روز بعد دوبارہ نظربند کر دیا جس کیخلاف کشمیریوں نے شدید احتجاج کیا۔ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ہائیکورٹ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے صوف شالی کے رہائشی مشتاق احمد وانی کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو اس کی رہائی کا حکم دیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہائی کو رٹ کے جج جسٹس سنجے دھر نے کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو پہلے ہی کالعدم قرار دیئے گئے حکم کی بنیاد پر نظربند نہیں کیا جا سکتا۔