• news

قاتل ڈور کے وار لاہور لیکچرار اسلام آباد شہری جان سے گیا گوجرانوالہ میں 3زخمی

لاہور‘ اسلام آباد‘ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) لاہور میں قاتل ڈور کی زد میں آ کر پی ایچ ڈی ڈاکٹر لیکچرار‘ اسلام آباد میں شہری جاں بحق ہو گیا۔ گوجرانوالہ میں ڈور پھرنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ اچھرہ کے علاقے میں پی ایچ ڈی ڈاکٹر، گورنمنٹ دیال سنگھ کالج لاہور کے لیکچرار آفتاب احمد گلے پرکٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او اچھرہ محمد اظہر اسحاق کو معطل جبکہ ڈی ایس پی  کو وضاحتی لیٹر جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ اچھرہ کے علاقے میں وحدت روڈ فلائی اوور، مسلم ٹاؤن موڑ پرگورنمنٹ دیال سنگھ کالج لاہور کے کیمسٹری کے  لیکچرار 35سالہ پی ایچ ڈی ڈاکٹر آفتاب احمد موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ کٹی پتنگ کی دھاتی دوڑ سے ان کی گردن کٹ گئی اور خون کا فوارہ ابل پڑا۔ وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ڈاکٹر آفتاب احمد کنگن پور، چونیاں، قصور کے رہائشی تھے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور واقعہ کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی۔ شہری کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے لاہور پولیس پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاہم پتنگ بازی پر قابو پانا پولیس کے ساتھ ساتھ والدین، شہریوں اور معاشرے کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سی سی پی او لاہور نے موٹرسائیکل سواروں کو دوران سفر حفاظتی اقدامات کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا شہریوں کے تعاون سے اس موت کے کھیل کو ختم کرکے چھوڑیں گے۔ پتنگ بازی پر بچوں کے والدین کیخلاف بھی انسدادی کارروائی ہوگی۔ دریں اثناء اسلام آباد کے تھانہ کورال کی حدود میں ڈور پھرنے سے شہری جاں بحق ہو گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پولیس پتنگ بازی کا خونی کھیل روکنے میں مکمل ناکام ہوگئی، ایک روز میں تین افراد قاتل ڈور پھرنے سے زخمی ہوگئے۔ تھانہ کوتوالی کے علاقہ میں کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے 2  موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے۔ تھانہ صدر کے علاقہ جی مینگولیا میں ڈور سے ایک نوجوان زخمی ہوا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے  پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے اور خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے  لیکچرار آفتاب احمد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و  تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق تھانہ کورال کے علاقے سروس روڈ پر کٹی پتنگ کی ڈور سے موٹرسائیکل سوار کا گلا کٹ گیا۔ 45 سالہ ظفر اقبال موقع پر جاں بحق ہو گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن