یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کیلئے درخواست دائر
اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کیلئے درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کردی۔ درخواست میں صوبائی وزیر ناصر علی شاہ کی آڈیو ٹیپ کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ہفتہ کو تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی ہے، تحریک انصاف کی جانب سے درخواست فرخ حبیب، ملیکہ بخاری اور کنول شوذب نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دائر کی۔ تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کو درخواست میں صوبائی وزیر ناصر شاہ کی آڈیو ٹیپ کا حوالہ دیا گیا ہے اور سینیٹ انتخاب کیلئے پیسوں پر خریدوفروخت کے الزامات لگاتے ہیں، الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ ساری معاملے کی تحقیقات کرے اور تحقیقات مکمل نہ ہونے تک یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔