• news

جوہری ڈیل سفارتی چینلوں کے ذریعے جلد ٹھوس لائحہ عمل پیش کرینگے ایران

تہران(این این آئی)ایرانی وزیرخارجہ محمد جوادظریف نے عالمی طاقتوں سے جوہری ڈیل کے بارے میں جلد ٹھوس اور تعمیری لائحہ عمل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ سفارتی چینلوں کے ذریعے اس نئے تعمیری لائحہ عمل کو جلد پیش کریں گے۔ان کے اس بیان سے قبل یورپی ممالک نے ویانا میں قائم جوہری توانائی کے عالمی ادارے (آئی اے ای اے)میں ایران کی جوہری سمجھوتے کی خلاف ورزیوں سے متعلق قرارداد پیش نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ایران نے امریکہ اور یورپی ممالک پر دبا ڈالنے کی غرض سے گذشتہ ہفتے آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو اپنی جوہری تنصیبات کے معائنے سے روک دیا تھا۔تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے غیررسمی بات چیت شروع کرنے سے متعلق حوصلہ افزا اشارے دیے ہیں۔ان ذرائع کا کہنا تھا کہ چیزیں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں اور ہمیں گزشتہ چند روز کے دوران میں مثبت اشارے ملے ہیں۔امریکہ یہ کہہ چکا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کسی قسم کی پیشگی شرط کے بغیر جوہری سمجھوتے سے متعلق مذاکرات کو تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن