سپیکر قومی اسمبلی کاپارلیمنٹ لاجز کے باہر پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہفتہ کے روز پارلیمنٹ لاجز کے باہر پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لے لیاہے اور کہاہے کہ اراکین پارلیمنٹ منتخب عوامی نمائندے ہیں ان کی عزت سب پر لازم ہے، واقعے کی مکمل انکوائری کروائی جائے گی۔ہفتہ کے روز پارلیمان کے سامنے ناخوشگوار واقعے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں، سیاست میں شائستگی، تحمل، برداشت اور رواداری کا کلچر اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ منتخب عوامی نمائندے ہیں ان کی عزت سب پر لازم ہے، ہمیں سیاست میں برداشت، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔اسد قیصر نے کہا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کروائی جائے گی، اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لیے سیاسی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔