بڑی مچھلیوں کیخلاف میگا کرپشن کیسز منطقی انجام تک پہنچا رہے ہیں: چیئرمین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمن جسٹس (ر )جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بڑی مچھلیوں کے خلاف میگا کرپشن مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جارہا ہے تاکہ بدعنوان عناصر سے قانون کے مطابق لوٹی گئی اربوں روپے کی رقوم برآمدکی جائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تحقیقات کو میرٹ، شفافیت، ٹھوس شواہد اور دستاویزی ثبوتوں کی بنیاد پر پر مکمل کیا جائے۔ نیب کی کارکردگی دیگر اینٹی کرپشن کے اداروں سے بہترین۔ انہوں نے متعلقہ ڈی جی کو ہدایت کی کہ وہ تمام میگا کرپشن کے ساتھ ساتھ غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے کیسز کی تازہ ترین رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیب موثر قومی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں کے تقابلی اعداد و شمار نیب کی عمدہ کارکردگی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے چین کے ساتھ پاکستان میں جاری سی پیک منصوبوں کی نگرانی کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ نوجوانوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہی کے لئے نیب نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ چیئرمین نیب نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ ہر شخص کی عزت نفس کو یقینی بنائیں کیونکہ نیب ایک عوام دوست ادارہ ہے جو کسی دبائو اور دھمکی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قانون کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گا۔