• news

پاکستان سپر لیگ کے 20 میچ جون میں کراچی میں کرانے پر غور

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ 2021ء نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 14 مقابلوں کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے کے بعد پی سی بی شدید تنقید کی زد میں ہے۔بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیکل اور سپورٹس سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے جبکہ چیئر مین احسان مانی نے معاملات کا ازسر نو جائزہ لینے کیلئے 2 رکنی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔آج پیر 8 مارچ کو کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز قذافی سٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور لاہور قلندرز کی انتظامیہ اہم بیٹھک کر رہی ہے۔بیٹھک میں دیگر پانچ فرنچائزز کے مالکان ورچوئل انداز میں اس اہم اجلاس کا حصہ بنیں گے، جس میں پاکستان سپر لیگ کے باقی 20 میچز کروانے پر اہم پیشرفت کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ملتوی شدہ 20 میچز کروانے کیلئے جون 2021ء کا انتخاب کیا ہے۔جون کے آخر میں ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان ٹیم انگلینڈ روانہ ہو رہی ہے، جہاں سے قومی ٹیم ویسٹ انڈیز روانہ ہو جائیگی۔ویسٹ انڈیز سے وطن واپسی پر ستمبر اکتوبر میں پاکستان کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی میزبانی کرنا ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے کہ پاکستان میں ان دو ٹیموں کی آمد سے قبل بائیو سیکیور ببل میں پی ایس ایل کے 20 مقابلے کامیابی کیساتھ مکمل ہوں۔اس تناظر میں بورڈ کی سطح پر حکمتِ عمل یہ ہے کہ کراچی میں کسی غیر ملکی کمپنی کی مدد سے پی ایس ایل 2021ء کو مکمل کرلیا جائے، اس حوالے سے پیر کو چیئرمین احسان مانی فرنچائزز مالکان کو اعتماد میں لیں گے۔دوسری جانب لیگ دبئی میں لے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے، بائیو سیکیور معاملات پر تمام ایس او پیز کی ذمہ داری اس کمپنی پر عائد ہوگی، جو ٹینڈر کے ذریعے سارے معاملات دیکھے گی۔ امکان ہے کہ کھلاڑیوں کیساتھ ٹی وی کمینٹیڑز اور سٹاف مکمل طور پر بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہوگا جبکہ میڈیا اور عوام کی شمولیت کے بارے میں معاملات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔پیر کے ورچوئل اجلاس میں پی سی بی فرنچائزز کو 20 مقابلوں کے بارے میں اپنا لائحہ عمل دینے کیساتھ مشاورت تو کریگا، البتہ حتمی فیصلے کا اختیار پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس ہی رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن