پارلیمنٹ کے سامنے حملہ‘ چیف جسٹس نوٹس لیں: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند روز سے اخلاقیات کے مبلغ عمران خان نیازی بھاشن دے رہے ہیں۔ سیاست میں پیسہ نہیں چلنا چاہئے۔ سیاست میں اخلاقیات ہونی چاہئے۔ ان سے پوچھنا چاہتا ہوں اس اخلاقیات پر خود کتنا عمل کر رہے ہیں۔ عمران نیازی اس بارے میں چمپئن ہو گئے ہیں جہاں ان کے مفاد پر چوٹ پڑتی ہے وہ پورے نظام کو بدنام کرنے کی کسر نہیں چھوڑتے جہاں مفاد نظر آتا ہے تو وہی اصول جن کا پرچار کر رہے ہوتے ہیں اٹھا کر گٹر میں پھینک دیتے ہیں۔ سوال کرتا ہوں آپ الیکشن کمشن سے کہہ رہے ہیں سیکرٹ ایجنسیوںسے معلومات لیں۔ سینٹ میں کتنا پیسہ چلا ہے۔ تمام ایجنسیاں آپ کے ماتحت ہیں۔ کیا آپ نے ان ایجنسیوں سے معلومات لیں۔ پی ٹی آئی کے وہ کون سے 16 اراکین تھے جنہوں نے خود کو بیچ دیا۔ آپ نے نام نہاد اپنا اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے ان 16 ووٹ بیچنے والوں کو اپنے لئے حلال کر دیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ آپ پاکستان کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے قوم آپ سے چھٹکارا حاصل کرے۔ عنقریب لانگ مارچ میں پاکستان کے عوام فیصلہ دیں گے۔ آپ کی حکومت کو مسترد کر چکے ہیں۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے جو غنڈہ گردی کی ہے دنیا مذمت کر رہی ہے۔ عمران نیازی نے پاکستان کی سیاست میں سپورٹس مین سپرٹ کی تعلیم دیں۔ ایسی کھیپ تیار کی ہے جس کا مشاہدہ 2014ء قوم نے کیا تھا۔ خاتون اسمبلی رکن پر حملہ کر کے تمام اخلاقی حدیں پار کر دی ہیں۔ پی ٹی آئی کے قائدین کو بتانا چاہتا ہوں انکے رویے نہ رکے تو مسلم لیگ (ن) کے کارکنان بپھر جائیں گے۔ افسوس ہے عمران نیازی نے 24 گھنٹے کے باوجود اس واقعے کی مذمت نہیں کی ہے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کرتا ہوں اس غنڈہ گردی کا نوٹس لیں۔ تمام فوٹیج موجود ہے اگر ان کرداروں کو سزا نہ دی جائے گی تو یہ فساد ملک کے چپے چپے میں پھیلے گا۔