پاکستانی خواتین نے قومی وقار بڑھایا جنرل باجوہ زلمے خلیل اور جنرل آسٹن کی ملاقات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ویڈیو جاری کر دی۔ آئی ایس پی آرکی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری ویڈیو میں ملکی دفاع میں خواتین کے کردار سمیت کرونا وبا کے دوران آرمی میڈیکل کور میں شامل خواتین اہلکاروں کی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی خواتین نے قوم کی عزت اور وقار میں اضافے کے لیے بے پناہ خدمات سر انجام دی ہیں اور پاکستانی خواتین کرونا کے خلاف جنگ میں بھی پیش پیش ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ خواتین قابل عزت و تکریم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے یونیفارم میں بھی اپنی صلاحیتیں منوائیں اور قوم کے وقار میں اضافے کے لیے خدمات انجام دیں۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان میں کمانڈر ریزو لوٹ فورس جنرل آسٹن ملر نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ زلمے خلیل زاد نے امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔