عوام کو مہنگائی‘ بے روزگاری کی دلدل میں دھکیل دیا گیا: عارف سندھیلہ
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن)کے ضلعی صدر سابق ایم پی اے عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں ارکان پارلیمان نے ضمیر فروشی نہیں کی وزیراعظم پاکستان کی آمریت اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے پی ڈی ایم کو ووٹ دیکر ایوان بالا کو ہی نہیںبلکہ پاکستان کو مستحکم کیا ہے، جابر حکمرانوں سے نجات دلانے کیلئے اب پی ٹی آئی کے اندر سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہوچکی ہیں جنہیں دبانے میں حکومت کامیاب نہیں ہوگی، اپنے ایک بیان میں عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ عمران خان نے انتقام کی سیاست کی مزدوروں ، کسانوں اور مظلوم طبقہ کی خون پسینے کی کمائی ہڑپ کی گئی عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کی دلدل میں دھکیلا گیا، سابق ادوارِ حکومت پر انگلیاں اٹھائی گئیں، الزامات در الزامات کی سیاست کرکے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی مگر تمام حربے ناکا م ہوئے اور آئندہ بھی حکمرانوں کو کامیابی حاصل نہیں ہوگی، پاکستان کے عوام جاگ چکے اور وہ نالائق حکمرانوں کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔