فیول ایڈجسٹمنٹ: بجلی 89 پیسے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 89پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی جس کا صارفین پر 6ارب 90کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا اتھارٹی نے بجلی میں اضافے سے متعلق سینٹرل پاور پرچیز اتھارٹی کی درخواست 25فروری کو عوامی سماعت کی تھی۔ سی سی پی اے نے جنوری کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 92پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے سماعت مکمل کر کے اس حوالے سے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ اس کا اطلاق صرف مارچ کے مہینے کے بلوں پر ہوگا تاہم لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔