لیگی رہنمائوں پر حملہ قابل مذمت‘ عدم برداشت نیک فال نہیں: شہباز شریف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے بدسلوکی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ معاشرے کو جنگل بنانا‘ عدم برداشت کے رویے ملک و قوم کیلئے نیک فال نہیں۔ لیڈروں کا کام پانی ڈالنا ہونا چاہئے نہ کہ تیل ڈال کر آگ مزید بھڑکانے کا۔ شاہد خاقان‘ احسن اقبال‘ مصدق ملک‘ مریم اورنگزیب پر حملہ اور بدتمیزی سیاسی مخالفین کی تربیت کا پتا دیتی ہے۔ احسن اقبال پر جوتا پھینکنے والوں نے عمران خان‘ سپیکر اور اپنے اخلاقی معیار پر جوتا مارا۔ پارٹی رہنماؤں کے جذبے‘ نظریاتی وابستگی اور جرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس کیس کی مزید سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ملزم شاہد محمود اور چودھری صادق کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ دوران کیس کی سماعت میں شہباز شریف روسٹرم پر آ گئے اور عدالت کو بتایا کہ جنہوں نے ملی بھگت کر کے بولیوں کو تبدیل کیا اس کو حکومت پنجاب اور اینٹی کرپشن نے پکڑا۔ وہ سب دندناتے پھر رہے ہیں۔ سابق گورنر سٹیٹ بنک نے انکوائری کی۔ پی بی فارم اس لئے لئے گئے کہ حکومت پنجاب کے پیسے بچ جائیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا معاملہ نہ ہوا تو نیب کے نوٹس میں آنے پہلے ہم نے ڈکیتی پکڑ لی تھی۔ جن کو ہم نے بلیک لسٹ کیا ان کو بی آر ٹی میں کنٹریکٹ مل گیا۔ الزام ہے کہ کامران کیانی کو فائدہ پہنچانے کیلئے یہ کیا گیا۔ قوم کا وقت اور پیسہ ضائع کیا جا رہا ہے۔ بدنیتی کہاں ہے، کرپشن کہاں ہے؟۔ جب جھوٹے الزامات لگتے ہیں تو مجھ سے رہا نہیں جاتا۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت میں شہباز شریف‘ فواد حسن فواد‘ احد چیمہ سمیت دیگر ملزموں کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزموں کے وکلاء کو گواہوں پر جرح کے لئے طلب کیا۔