• news

پنجاب اسمبلی کیسز مریضوں کا مسئلہ تین چار روز میں حل کرادیں گے پرویز الہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں کینسر مریضوں کی ادویات بند ہونے اور مہنگائی کی گونج، جبکہ اسمبلی نے دی بہاولپور میٹرو پولیٹن یونیورسٹی، دی سپیرئیر کالج لاہور ترمیمی بل اور دی یونیورسٹی آف چناب بل 2021ء متفقہ طورپر منظور کرلئے۔ اجلاس 1 گھنٹہ 50 منٹ کی تاخیر سے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں محکمہ آثار قدیمہ و سیاحت کے متعلق سوالوں کے جوابات متعلقہ پارلیمانی سیکرٹری محمد مامون تارڑ نے دئیے۔ ممبران کی ایوان کی کارروائی میں عدم دلچسپی کا یہ عالم کہ ارکان کی عدم موجودگی کی وجہ سے 16سوالوں میں سے صرف دو سوالوں کے ہی جواب ایوان میں دیئے گئے، تین سوالوں کے جواب ایوان میں پیش ہی نہیں کئے گئے جس پر سپیکر نے متعلقہ محکمہ کے سیکرٹری کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا اور کہا کہ آئندہ تمام سوالوں کے جوابات بروقت ایوان میں پیش کئے جائیں۔ پیپلز پارٹی کے سید حسن مرتضیٰ نے نکتہ اعراض پر کہا کہ کینسر کے مریضوں کی ادویات بند کر دی گئی ہیں، چئیرنگ کراس پر کینسر کے مریض احتجاج کریں گے، اب ان لوگوں کی ادویات کیوں بند کی جاتی جن کی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں، سڑکوں سے ٹول ٹیکس کا جگا ٹیکس ختم کیا جائے۔ ہسپتالوں میں بھی گاڑیوں کا ٹیکس لیا جاتا ہے۔ قوم کو ریلیف دیں۔ ہر پندرہ دن بعد تیل اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں، جس پر سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حسن مرتضی یہ تو بتائیں آج کل مال روڈ پر احتجاج کی اجازت کون دے رہا ہے۔ ایوان میں سپیکر کی بات پر قہقے لگے، سپیکر نے مزید کہا کہ کینسر کے مریضوں کی ادویات کی وزیر صحت سے بات کی۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی تین چار روز میں کینسرکے مریضوں کا مسئلہ حل کر دیں گے۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ جو لوگ باہر بیٹھے ہیں، سولہ سال میں تنخواہیں نہیں بڑھائی گئیں۔ رات ساڑھے گیارہ بجے تک بات ہوتی رہی۔ 2016ء کی حکومت نے جو ظلم کیا آج اسے ہم ہی بہتر کریں گے۔ کمیٹی کی تجاویز پر شہباز شریف نے عمل درآمد نہ کیا۔ سابقہ حکومت کے معاہدات پر عمل کروایا جائے۔ دائیں بائیں بیٹھے دوستوں سے گلہ کریں کہ اپنے دور میں تنخواہوں سمیت دیگر مطالبات پر عمل درآمد کیوں نہ کیا گیا۔ جس پر سپیکر نے کہا کہ بیسک ہیلتھ یونٹ میں کبھی ڈاکٹر تک نہیں گیا، پی ڈی ایم سی والوں کا مستقل حل نکالیں گے، پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر ایوان میں تین بل منظور کئے گئے۔ فیصل آباد ڈی سی کو طلب کرنے کے حوالے سے ان کے ساتھ ہونے والے بات چیت کے بارے میں وزیر قانون راجہ بشارت نے ایوان کو بتایا کہ فیصل آباد میں ریسکیو 1122 کی جگہ کا مسئلہ حل کرا دیں گے۔ جتنی جگہ 1122کو درکار ہوگی اس کی منظوری ریونیو سے بھی لے لیں گے۔ جس پر سپیکر نے راجہ بشارت اور چوہدری ظہیر الدین کا ریسکیو 1122کے مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔ جس کے بعد سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لے ملتوی کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن