ریاستی سطح پربھارت دہشتگردی کی مالی اعانت میں ملوث : رحمان ملک
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف جلد تحقیقات شروع کرنے کا عندیہ دینے پر صدر فیٹف کے شکرگزار ہیں۔ میں نے آج صدر فیٹف کو خط لکھا ہے جو پبلک کررہا ہوں۔ بدھ کی شام اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کسی دوسرے ملک کی طرح فیٹف کی منی لانڈرنگ و ٹیرر فنانسنگ قوانین و قواعد کا پابند ہے۔ میں اپنے خطوط میں زور دیتا آرہا ہوں کہ فیٹف بھارت کیخلاف اقدامات شروع کرے۔ اس میں کوئی ابہام باقی نہیں رہا کہ ریاستی سطح پر ہندوستان دہشت گردی کی مالی اعانت میں ملوث ہے۔ فیٹف کی طرف سے امتیازی سلوک پر پاکستانی عوام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان بارے فیٹف کی نیت اچھی نہیں لگ رہی ہے ۔ پاکستان پر فیٹف کی جانب سے پابندیاں مزید سخت کرنے کا امکان ہے۔ فیٹف کے صدر کو پاکستان کے حوالے سے ایک اور خط لکھا ہے ۔ فیٹف کو بھارت کے خلاف اقدامات کی سفارش کی تھی لیکن فیٹف نے بھارت کے خلاف کوئی اقدامات نہیں کئے۔ صدر فیٹف سے بھارت سے متعلق اقدامات نہ کرنے کی وجہ پوچھی ہے۔ انہوں نے کہا گرے لسٹ میں رہنے سے پاکستان کا مالی نقصان 100 ارب ڈالر سے بڑھنے کا خدشہ ہے۔ امریکہ سے تعلقات کی بہتری تک پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا۔