حکومتی اقدامات کی تشہیر کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے:ثمن رائے
لاہور( خصوصی نامہ نگار)ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب ثمن رائے نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے محکمہ صحت کی بہتری اور شہریوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کئے گئے انقلابی اقدامات کی موثر تشہیر کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے نیز عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر خصوصی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تشہیر کے روایتی طریق کار سے ہٹ کر جدید تقاضوں کے مطابق حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈی جی پی آر آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے میڈیا سٹریٹجی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پبلک ریلیشنز افسربرائے صوبائی وزیرصحت حماد رضا نے بریفنگ دی۔ثمن رائے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بروقت فیصلوں اور اقدامات کی بدولت حکومت نے کورونا کی وبا پر احسن طریقے سے قابو پایا۔