پی ایس ایل:کیا نقصان کا ازالہ‘ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنیوالوںکو سزائیں ملیں گی
لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) جون میں پاکستان سپر لیگ کے باقی ماندہ میچز کا اعلان تو ہو گیا لیکن کیا لیگ کے التواء سے ہونے والے نقصان کا ازالہ ہو سکے گا۔ کیا پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی ہو سکے گی۔ کراچی میں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو سزائیں دی جا سکیں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ کے باقی ماندہ میچز کا اعلان کر کے داد و تحسین کا منتظر ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ طے شدہ وقت پر پی ایس ایل مقابلے نہ ہونے سے ناصرف ایونٹ کی مقبولیت متاثر ہوئی ہے بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی معاملات کے حوالے سے بھی دنیا میں منفی پیغام گیا ہے۔ اگر ایونٹ ملتوی نہ ہوتا تو چودہ میچز کی میزبانی قذافی سٹیڈیم نے کرنا تھی۔ کوئٹہ کی طرف سے جنوبی افریقہ سیریز ری شیڈول کرنے کی تجویز بھی تھی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے ایسا کرنا ممکن نہیں تھا۔ اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کی مئی، اپریل، اگست اور ستمبر میں بین الاقوامی مصروفیات کے باعث جون کی ونڈو کو موزوں قرار دیا گیا۔ ایونٹ کے بقیہ بیس میچز اب قومی کرکٹ ٹیم کی زمبابوے سے واپسی اور انگلینڈ روانگی کے درمیانی وقت میں کھیلے جائیں گے۔ اب پاکستان کرکٹ بورڈ فرنچائز نمائندگان کے ساتھ مل کر شیڈول کو حتمی شکل دے گا۔ یہ مسلسل دوسرا موقع ہے کہ پی ایس ایل کا انعقاد دو مرحلوں میں ہو گا۔ گذشتہ برس بھی لیگ کرونا کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی جبکہ رواں برس کرونا سے زیادہ بدانتظامی اور غیر ضروری نرمی نے نقصان پہنچایا ہے۔