سی پیک کیخلاف مغربی پراپیگنڈا کا نوائے وقت گروپ بھر پور جواب دے رہا ہے: چینی سفیر
لاہور (خاور عباس سندھو) عوامی جمہوریہ چین کے 12 رکنی وفد نے چینی سفیر مسٹر نونگ رونگ کی قیادت میں نوائے وقت، دی نیشن کے دفاتر کا دورہ کیا اور منیجنگ ڈائریکٹر مس رمیزہ نظامی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک چین گہرے تعلقات، دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان ورکنگ ریلیشن کو بہتر بنانے سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں چینی قونصلیٹ لاہور کے ایکٹنگ قونصل جنرل مسٹر پنگ زینگوو، نوائے وقت کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، مارکیٹنگ ہیڈ بلال محمود اور سینئر صحافی خاور عباس سندھو بھی موجود تھے۔ وفد کا نوائے وقت گروپ کے دفاتر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ چینی سفیر مسٹر نونگ رونگ نے کہا کہ یہ ان کا کسی میڈیا ہائوس کا پہلا دورہ ہے اور وہ نوائے وقت اور دی نیشن کے دونوں ممالک کے مابین مثالی تعلقات میں ہمیشہ سے اہم کردار کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے سی پیک سے متعلق مثبت رپورٹنگ، مضامین چھاپنے اور ادارتی پالیسی میں نمایاں کوریج دینے پر منیجنگ ڈائریکٹر مس رمیزہ نظامی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوائے وقت گروپ کو سی پیک کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے پر مکمل سپورٹ کریں گے۔ چینی سفیر نے کہا پاکستان اور چین کی حکومتیں ایک پیج پر ہیں۔ حال ہی میں دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہونے پر مشترکہ تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے چین سے کووڈ ویکسین وصول کی۔ چینی سفیر نے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے غربت کے خاتمے پر چین کی تعریف اور مبارکباد دینے پر انتہائی مشکور ہیں۔ سی پیک کے خلاف مغربی میڈیا پراپیگنڈا کررہا ہے جس کا نوائے وقت گروپ اپنی بہترین رپورٹنگ اور مضامین کی اشاعت سے بھرپور جواب دے رہا ہے۔ اس حوالے سے نوائے وقت گروپ اور چینی میڈیا کا ایک ہی ویژن ہے اور ہمیں اس حوالے سے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وہ چینی میڈیا سے کہیں گے کہ وہ مغربی میڈیا کے سی پیک سے متعلق منفی رپورٹنگ کا بھرپور جواب دینے کیلئے نوائے وقت گروپ سے مل کر کام کریں اور اس حوالے سے نوائے وقت گروپ جو بھی اشاعتی مواد بھجوائے گا وہ چینی میڈیا کے لئے انتہائی سود مند ہوگا۔ چینی سفیر نے منیجنگ ڈائریکٹر مس رمیزہ نظامی کو سٹاف سمیت اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ چینی سفیر نے کہا دونوں ممالک کے تعلقات نسل در نسل ہیں اور یہ ہمیشہ ایک دوسرے کو مشکل حالات میں سپورٹ کرتے آئے ہیں۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر مس رمیزہ نظامی نے کہا پاکستان اور چین کے دوستی لازوال ہے۔ دونوں ممالک بلاشبہ آئرن برادر ہیں اور چین کی طرف سے سی پیک کا تحفہ ایک عظیم کاوش ہے۔ اور اس حوالے سے نوائے وقت گروپ ہمیشہ کی طرح اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے چینی سفیر کا کسی بھی میڈیا ہائوس کے پہلے دورے کے لئے نوائے وقت کا انتخاب کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا ملکی مفادات کا تحفظ نوائے وقت کی پالیسی ہے۔ دونوں ممالک کے عزت و احترام پر مبنی تعلقات قابل ستائش ہیں اور نوائے وقت گروپ کا پلیٹ فارم دونوں ممالک کے مثالی تعلقات اور سی پیک سے متعلق مثبت رپورٹنگ کے لئے حاضر ہے۔ دی نیشن کا ایڈیٹوریل اور رپورٹنگ ڈیپارٹمنٹ اس حوالے سے بھرپور کام کررہا ہے۔ اس موقع پر چینی سفیر مسٹر نونگ رونگ اور منیجنگ ڈائریکٹر مس رمیزہ نظامی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نوائے وقت گروپ اور چینی میڈیا مل کر کام کریں تو سی پیک سے متعلق منفی پراپیگنڈا کوکائونٹر کرسکتے ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر مس رمیزہ نظامی نے چینی سفیر کی طرف سے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تعریف کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا چین میں غربت کے خاتمے کی تعریف کرنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنے ملک میں بھی غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی انتہائی پروفیشنل، متحرک شخصیت ہیں جو بطور وزیر خارجہ بہترین کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا نوائے وقت واحد میڈیا گروپ ہے جس نے گذشتہ سال ہونیوالی پاک چین فوجی مشقوں کی بھرپور کوریج کی۔ پاکستان کی سلامتی اور سکیورٹی سے متعلق معاملات میں نوائے وقت گروپ نے ہمیشہ اپنا بہترین کردار ادا کیا ہے۔ دونوں ممالک کی افواج کی گذشتہ سال جغرافیائی اور سرحدی صوتحال کے پیش نظر فوجی مشقیں خطے کے لئے بہت اہم ہیں۔ مس رمیزہ نظامی نے کشمیر ایشو پر دلیرانہ موقف اپنانے اور پاکستان کے موقف کی دنیا بھر میں تائید کرنے پر چینی حکومت اور سفارتخانے کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ کشمیر سمیت دیگر ایشوز پر چین کی طرف سے پاکستانی موقف کی بھرپور سپورٹ بے حد قابل تحسین ہے۔ مس رمیزہ نظامی نے ایک بار پھرکہا کہ چین کی ادویات بہت موثر ہیں۔ انہیں پاکستان میں استعمال میں لانے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے لائسنس سمیت دیگر معاملات کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے پیپلز ٹو پیپلز تعلقات کو مزید فروغ اور کاروباری معاملات کو مزید بڑھانے کے لئے بزنس فیسٹیول کے انعقاد کی تجویز دی اور کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو دونوں اطراف کے کاروباری طبقات سٹالز لگائیں گے جس میں چینی اشیاء جیسے فوڈ، الیکٹرونکس سمیت دیگر آئٹمز رکھی جائیں گی جو یقینا دونوں اطراف کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔ اس موقع پر مس رمیزہ نظامی نے دونوں ممالک کے میڈیا کوآرڈینیشن اور مل کر کام کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ جس پر چینی سفیر نے مثبت جواب دیا۔ معزز مہمانوں چینی سفیر مسٹر نونگ رونگ اور قائم مقام کونسل جنرل لاہور مسٹر پنگ زینگوو کو نوائے وقت گروپ کے اخبارات اور میگزینز کے لوگوز پر مبنی یادگاری شیلڈز دی گئیں۔ جبکہ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے چینی سفیر کو نوائے وقت گروپ کی طرف سے بیلٹ اینڈ روڈ پر مبنی خصوصی اشاعت کے میگزین پیش کئے۔