• news

پی ایس ایل کے باقی 20 میچ جون میں کراچی میں ہونگے: پی سی بی

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ 20 میچ جون میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ  کا چھٹا ایڈیشن گزشتہ ہفتے کرونا کیسز کی وجہ سے غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ تاہم اب پاکستان کرکٹ بورڈ  نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز رواں سال جون میں کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل کے دوسرا مرحلہ اور فائنل میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے تھے تاہم اب تمام میچز جون میں کراچی میں ہی ہوں گے جس کا فیصلہ بورڈ اور 6 ٹیموں کے نمائندگان نے ورچوئل اجلاس میں کیا۔ پی سی بی کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی مئی/اپریل اور اگست/ستمبر میں بین الاقوامی مصروفیات کے باعث جون کی ونڈو کو ایونٹ کے لیے سب سے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ ایونٹ کے بقیہ 20 میچز اب قومی کرکٹ ٹیم کی 13 مئی کو زمبابوے سے واپسی اور 26 جون کو انگلینڈ روانگی کے درمیان وقت میں شیڈول کیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مون سون کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل کو کراچی میں کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ بائیو سیکیور ببل انتظامات کیلئے تھرڈ پارٹی سے خدمات لی جائیں گی۔ فرنچائز ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن