کے ایچ خورشید قائداعظم کے جانثار سپاہی تھے:غلام عباس میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)کے ایچ خورشید قائداعظم کے جانثار سپاہی تھے۔ قائد کے پرائیویٹ سیکرٹری کی حیثیت سے انھوںنے قیام پاکستان میں اہم کردار اداکیا۔ قائداعظم ان پر بھرپور اعتماد کرتے تھے۔ محترمہ فاطمہ جناح انھیں اپنا بیٹا قرار دیتی تھیں۔ صدر آزادکشمیر کی حیثیت سے کے ایچ خورشید نے ریاست میںترقی وخوشحالی کے شاندارمنصوبوں کی بنیاد ڈالی۔کے ایچ خورشید کی قومی وملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ ان خیالات کا اظہارمختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنمائوں نے کے ایچ خورشید کی برسی کے موقع پر جموں وکشمیرلبریشن سیل کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام خصوصی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مسلم لیگ ن کے رہنما غلام عباس میر، انچارج کشمیرسنٹرلاہورسردارساجدمحمود ‘پاکستان تحریک انصاف لاہور سٹی کے صدر فاروق آزاداور کشمیر میڈیا فورم کے صدر عبداللہ عالم نے خطاب کیا۔ غلام عباس میر نے کہا کہ قائداعظم کے پرائیویٹ سیکرٹری کی حیثیت سے کے ایچ خورشید نے قیام پاکستان کے دوران اہم کردار ادا کیا۔ قائداعظم ان پر بھرپور اعتماد کرتے تھے۔ کے ایچ خورشید نوجوان ہونے کے باوجود قائداعظم کے معیار پر پورا اترے اوراپنی ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھایا۔