• news
  • image

یہی چراغ جلیں گے تو روشنی ہوگی

تاریخ گواہ ہے کہ انسان نے جب بھی روشنی ، گرمی اور حرارت کے لیے آگ جلائی تو خود کو اس آگ سے محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔چراغ لے کر ڈھونڈنے سے اب حقیقی خرد اور بصیرت نہیں مل رہی تھی۔ایڈیٹنگ کی دنیا میں اتنا انقلاب آیا کہ فرانزک کے منصفوں نے بے اعتنائی سے اعلان کر دیا کہ وہ آواز اور صورت پہچاننے سے قاصر ہیں۔شاید ان کی خواہش ہو کہ کوئی پرچی پر لکھ کر مجرم کا نام دے دے اور وہ الزام کے وار روک سکیں۔یہ چلن رفتہ رفتہ جدت کا حسن کہلانے لگا۔دکان دار نہیں جانتا مہنگائی کیسے ہوئی کیونکہ دکان کے اندر رکھے آئیٹم پر اسے کتنی ہی بار کاٹ کر نئی پرچی چپکانا پڑتا ہے۔ غیر فطری نشوونما ناجائز تعلقات کی طرح چھپ چھپ کر پھیلتی ہی جا رہی ہے۔ روشنی کے منبع اپنی شکل و صورت کی تزئین و آرائش میں اس تواتر سے مشغول رہنے لگے کہ قدرتی ذرائع سے بھروسہ ہی اٹھ گیا۔ ایک چراغ نے دوسرے چراغ سے کہا کہ یہ ساری روشنی ہماری وجہ ہے۔اگر ہم اپنے اختیارات کا دائرہ وسیع کریں تو پورا ملک جگمگ جگمگ کرنے لگے گا۔آخر سب چراغ متحد ہو جائیں تو سورج سے بھی زیادہ روشنی دے سکیں گے۔شاید یہی سوچ کر انہوں نے سیاست کو چنا۔اختیارت کا کارخانہ سیاست ہی تو ہے۔کسی بھی محکمہ یا ادارہ میں چراغ بن جائیے اور عوام کو کولھو میں جوت کر خوب تیل نچوڑیئے۔
کتنے ہی محکموں کے چراغ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی عوام کی راکھ سے روشنی پھیلانے کے دعویدار ہیں لیکن وہ چراغ ہی کیا جو روشنی کا متقاضی ہو۔ بات مہنگائی ،کرپشن اور معیشت کی حدود سے کہیں آگے نکل چکی ہے۔جس ملک میں بھکاری پیٹ بھر کھائے اور حکومت سرکاری ملازمین کو سڑکوں پر خوار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہو۔تعلیم میں استاداور شاگرد کا رشتہ ختم کر کے کیا خواہش کی جا رہی ہے۔ایمرسن کالج کا احتجاج ملک کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے۔ سرکاری ملازمین دھرنا دے کر امید کے بنا دستخط کاغذ تھامے واپس آ چکے ہیں۔لیکن حکومت بضد ہے کہ معیشت کے تلوں میں تیل نہیں۔حقوق و فرائض کی لڑائی ڈھول کی تھاپ اور رقص کے مختلف زاویوں کے ساتھ لڑی جا رہی ہے اور دانش ور اس غم میں پھولتے جا رہے ہیں کہ ان کے پس پردہ تجزیے کس قدر تنخواہ دار ہیں۔یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ اب بقا کا نظام آسمان کے ہاتھ نہیں زمیں زادوں کی زنبیل میں ہے۔ حسن کرشمہ ساز ایڈیٹنگ اور الزام سازی کی انڈسٹری بن چکا ہے۔خبری اور ٹاؤٹ سوشل میڈیا پر گھات لگائے پرزے بکھیر رہے ہیں لیکن خبر تو ہما ہے جسے کبوتر کے روپ میں پیش کیا جا رہا ہے۔
محکمانہ تنخواہوں کے اعدادوشمار پر بے شمار لکھا جا چکا ہے۔ بائیس کروڑ عوام ہر قدم پر ٹیکس دینے کے بعد روزانہ بائیس کروڑ بھی جمع کرنے کے لیے تیار ہے لیکن ہر بار قرض اتارو ملک سنوارو کی تحریک برف پانی کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ ظلم یہ ہے کہ دریا ،ندی اور چشمے خشک جب کہ گندے نالے بھرتے جا رہے ہیں۔قاتل صنعت ہر قانون سے بالاتر جانیں لینے کے لیے تیار ہے۔ بھوکی ننگی قوم سڑکوں میلوں ٹھیلوں اور جشن بہاراں کے چراغ جلائے کرونا کے تمام ایس او پیز کو روند کے رقص میں مگن ہے۔ قانون کے سائے تلے ڈور ساز بسنت کے حامی گلے کاٹ کر جشن میں مگن ہیں۔انہیں اس پر ندامت ہی نہیں کہ لہو مسیحا کا ہے۔کسی ننھی کلی یا پھول کا۔روحانی باپ ، قوم کے معمار کا ،کسی عالم کا یا پورے خاندان کا !! روم کی آگ پھیل رہی ہے اور نیرو کی بانسری دھواں دیتے چراغوں کے ہاتھ ہے۔ بے حسی کی چادر ایمو جی کے نقش ونگار بنتی چلی جا رہی ہے۔یہ بات شاید سب کھوٹے سکوں کے ذہن میں بٹھا دی گئی ہے کہ ان کے چلنے کے لیے جس روشنی کی ضرورت ہے وہ عوام کے دل پر پاؤں رکھ کر ہی حاصل کی جا سکتی ہے کیونکہ ؎
یہی چراغ جلیں گے تو روشنی ہو گی۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن