• news

عورتوں ‘ بچوں سے زیادتی کے ملزموں کو نشان عبرت بنائینگے:یاور عباس

لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہاہے کہ عورتوں اور کمسن بچوں سے زیادتی کے ملزموں کو نشان عبرت بننا چاہیے، زیادتی کے سزا یافتہ مجرموں یا مفرور ملزموں کی تصاویر عوامی سطح پر دکھائی جائیں تاکہ ان کا گھنائونا چہرہ معاشرے کے سامنے آئے، ہر پولیس سٹیشن کے فرنٹ ڈیسک پر ایسے ملزموں کی تصاویر لگنی چاہئیں اور درندگی کا مظاہرہ کرنے والوں کا پورا معاشرہ مکمل بائیکاٹ کرے۔ انہوںنے ان خیالات کااظہارپنجاب ویمن پروٹیکشن بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی فاطمہ چدھڑ، بیگم مہناز رفیع، ایم پی اے نیلم حیات اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں خواتین سے زیادتی کے کیسوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر ء نے مزید کہا کہ مثالی سزائیں نہ دی گئیں تو ایسے واقعات پر قابو پانا مشکل ہوگا، کہ سماجی اصلاح کی کوششو ںمیں تیزی لانا ہوگی اور سرکاری اداروں کے درمیان ڈیٹا کے تبادلے کا مربوط نظام قائم ہوگا۔ فاطمہ چدھڑ نے کہا کہ زیادتی کیسز کی روک تھام کے لئے معاشرے میں آگاہی عام کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن