نام کے اوپر مہر لگانے سے ووٹ مسترد نہیں ہوتا‘ اب فیصلہ سپریم کورٹ کریگی: کنور دلشاد
اسلام آباد (آئی این پی) سابق سیکرٹری الیکشن کمشن اور معروف تجزیہ کار کنور دلشاد نے کہا ہے کہ پریذائیڈنگ آفیسر نے خود لائن آف ایکشن لیا کہ پی ڈی ایم امیدوار ووٹ مسترد ہونے کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں جائیں۔ پریذائیڈنگ آفیسر کی رولنگ سپریم کورٹ میں چیلنج ہو سکتی ہے۔ فاروق ایچ نائیک کے دلائل میں وزن ہے لیکن پریذائیڈنگ آفیسر نے انہیں الیکشن ٹربیونل میں جانے کا کہہ کر مسترد کر دیا۔ الیکشن ٹربیونل میں ایسا نہیں ہوتا یہ معاملہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج ہوگا۔ نام کے اوپر مہر لگانے سے ووٹ مسترد کرنا بنتا نہیں۔ نام کے اوپر یا نیچے مہر لگانے سے ووٹ مسترد ہو سکتا ہے یہ منطق سمجھ نہیں آتی۔ اب فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔ وہ نجی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔