رواں سال چاروں صوبوں کو مالیاتی ایوارڈ سے 45ارب 36کروڑ کم ملے
لاہور (احسن صدیق )رواں مالی سال 2020-21میں جولائی سے دسمبر کے دوران چاروں صوبوں کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں 12کھرب 80ارب 6کروڑ 30روپے ملے جو گزشتہ مالی سال 2019-20میں اتنی مدت کے دوران چاروں صوبوں کو این ایف سی کے تحت ملنے والے 13کھرب 25ارب 82کروڑ 60لاکھ روپے کے مقابلے میں45ارب 76کروڑ30لاکھ روپے کم ہیں۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے دسمبرکے دوران پنجاب کو این ایف سی کے تحت 621.7ارب روپے ملے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت میں این ایف سی کے تحت میںپنجاب کو 634.4ارب روپے ملے تھے۔ رواں سال میں جولائی سے دسمبرکے دوران سندھ کو این ایف سی کے تحت 319.9ارب روپے ملے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت میں این ایف سی کے تحت سندھ کو327.7ارب روپے ملے تھے۔ رواں مالی سال خیبر پی کے کو این ایف سی کے تحت 205.09ارب روپے ملے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت میں این ایف سی کے تحت خیبر( پی کے) کو214.7ارب روپے ملے تھے۔ رواں سال بلوچستان کو این ایف سی کے تحت 133.3ارب روپے ملے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت میں این ایف سی کے تحت بلوچستان کو148.9ارب روپے ملے تھے۔