نئے منصوبے عثمان بزدار نے اربوں کے فنڈ کا اعلان کردیا
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مختلف شہروں میں نئے منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز کے اجراء کا اعلان کر دیا ہے۔ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں نئے منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر رحمۃ للعالمین ؐسکالر شپ کا دائرہ کار کالجوں اور یونیورسٹیوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں رحمۃ للعالمین ؐسکالرشپ کے لئے 477 ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ یہ رقم رواں مالی برس ہائر ایجوکیشن کے اداروں کے طلبا وطالبات کو رحمت للعالمین ؐ سکالرشپ کے تحت دی جائے گی۔ جبکہ اگلے مالی برس رحمت للعالمین ؐ سکالر شپ کے لئے 834ملین روپے مختص کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے 10مقامات پر مرحلہ وار بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے واٹر سٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں لاہور کے 3مقامات پر واٹر ٹینک تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ پہلے مرحلے میں کشمیر روڈ، شیرانوالہ گیٹ اور قذافی سٹیڈیم کے قریب واٹر ٹینک تعمیر کئے جائیں گے اور اس منصوبے پر تقریباً ایک ارب 85 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 2ارب روپے کے فنڈز کے فوری اجراء کی منظوری دی گئی جبکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سمن آباد میں بی ایس بلاک کی تعمیر کے لئے 180ملین روپے کے فنڈز کے اجرائ‘ ایمرسن کالج ملتان کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کے بعد ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں مختلف بلاکس کی تعمیر کے لئے 500ملین روپے کے فنڈز فراہم کرنے‘ اجلاس میں مظفر گڑھ، لیہ، راجن پوراور ڈیرہ غازی خان میں پولیس کی 565خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی اور یہ بھرتیاں سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل اورکانسٹیبل کی آسامیوں پر ہوں گی۔ جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے تاریخی قلعہ نندانہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے 125ملین روپے کہوٹہ، کھیوڑہ اور پتریاٹہ میں سیاحت کے فروغ کے لئے 60ملین روپے کے فنڈز‘ بارڈر ملٹری پولیس ڈیرہ غازی خان کے 4نئے تھانے اور 4نئی چیک پوسٹوں کے لئے 68ملین روپے‘ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کی ڈویلپمنٹ کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی ہے۔ عثمان بزدار نے رکن پنجاب اسمبلی وارث کلو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔