سعودی عرب میںکرونا ویکسین لگوانے کے لیے 80 فی صد شہریوں کی رجسٹریشن
ریاض(صباح نیوز) سعودی عرب کی وزارت صحت نے کرونا ویکسین لگوانے کے لیے 80 فی صد شہریوں کی رجسٹریشن کر لی ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے بتایا ہے کہ مملکت میں شہریوں کو کرونا ویکسین لگوائے جانے کا عمل جاری ہے۔ ملک میں ویکسین لگانے کا عمل کے بعد سے پہلی بار ایک دن میں ایک لاکھ 30 ہزار افراد کو ویکسین لگوائی گئی ہے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایک دن میں سوا لاکھ سے زاید افراد کو کرونا ویکسین کی فراہمی مملکت میں وبا پر قابو پانے کے اقدامات کی کامیابی اور ویکسین کی فراہمی کی تیاریوں اور مکمل انتظامات کا ثبوت ہے۔سعودی شہری جدہ کے پرانے ائیرپورٹ پر بنائے جانے والے ویکسی نیشن سنٹر میں کرونا ویکسین لگوانے آرہے ہیں۔سعودی وزارت صحت نے کرونا ویکسین کے مراکز کا ایک جال بچھا دیا ہے۔ اب تک 500 مراکز قائم کیے جا چکے ہیں جہاں پر شہریوں کی بڑی تعداد ویکسین لگوانے کے لیے پہنچ رہی ہے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ آئندہ 14 دن کے لیے ویکسین لگوانے والے شہریوں کی 80 فی صد تعداد کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔ کرونا ویکسین لگوانے کے لیے وزارت صحت نے شہریوں کو 'صحتی' کی اپیلیکیشن کے ذریعے رجسٹریشن کرانے کی آسان سہولت فراہم کی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہریوں اور غیرملکی افراد کو قریب تریب ویکسین سینٹر کے بارے میں بھی معلومات مل جاتی ہیں۔