الیکشن کمشن‘ عدالتوں کی خاموشی برقرار رہی تو خود ایف آئی آر کرائوں گا: فیاض چوہان
لاہور (سٹاف رپورٹر ) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ملک دشمن طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے نواز شریف اور بیگم صفدر اعوان کی ایما پر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے میاں جاوید لطیف کے بیانات پر الیکشن کمشن اور عدالتوں کی خاموشی برقرار رہی تو میں خود ایف آئی آر درج کروانے جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ دو دن سے میاں جاوید لطیف کی جانب سے اپنی ہرزہ سرائی پر کسی معذرت خواہانہ بیان کی غیر موجودگی میں الیکشن کمشن کو چاہیے تھا کہ ان کے تحت کاروائی کی جاتی۔ چیئرمین سینٹ کے انتخابات ہارنے کے بعد میاں نواز شریف کے جب تمام منصوبے خاک ہو گئے تو انہوں نے ملک دشمن عناصر کے آلہ کار اور الطاف حسین پارٹ ٹو بنتے ہوئے پاکستان کو دو لخت کرنے کی گھناؤنی بات کر ڈالی۔ ان خیالات کا اظہار فیاض الحسن چوہان نے ڈی جی پی آر آفس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص سینیٹ انتخابات کے بعد کی صورتحال اور میاں جاوید لطیف کے بیانات پر پریس کانفرنس کے دوران کیا۔