جاوید لطیف کا بیان ملکی مفادات کے برعکس ہے: چودھری سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے جاوید لطیف کا بیان ملکی مفادات کے برعکس ہے اور پوری قوم میں اس بیان کیخلاف شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر پیپلز پارٹی نے ملکی مفاد میں پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، اپوزیشن جماعتوں کو سب سے پہلے ملکی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں اس وقت ہوش سے نہیں جوش کیساتھ سیاست کر رہی ہے اور یہ لوگ ہر معاملے میں قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ لاہور میں بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا جب ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا اس وقت بھی پیپلز پارٹی بدترین ناانصافی کے باوجود ملک وقوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے کیونکہ ہر پاکستانی پر لازم ہے کہ وہ سب سے پہلے ملکی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے جہاں تک (ن) لیگ کی قیادت کو دھمکیاں ملنے کا تعلق ہے اس حوالے سے انکی پارٹی ہی بتا سکتی ہے۔ اصل معاملہ کیا ہے، مگر حالات جو بھی ہوں (ن) لیگ کو بھی ملکی مفادات کو ہی ترجیح دینی چاہیے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا اپوزیشن چیئرمین سینٹ کے الیکشن کو متنازعہ نہ بنائے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کیخلاف اپوزیشن کی کسی تحریک عدم اعتماد کا کوئی خطرہ نہیں۔