پنجاب کلچر ڈے منایا گیا ثقافت سے جڑی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پنجاب کلچر ڈے منایا گیا۔ پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارمہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں شریک مہمانوں کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدا رکو صوبائی وزیرثقافت خیال احمد کاسترو نے پنجاب کی روایتی پگ پہنائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو اور وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر شہزاد اکبر کو پنجاب کی پگ پہنائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کی ثقافت اور روایات کے رنگ دل آویز ہیں اور دنیا بھر میں پنجاب کی ثقافت کو پسند کیا جاتا ہے۔ پنجاب کی ثقافت کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں۔ دنیا بھر میں پنجابی ہر جگہ اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اور روایات کو یاد رکھنا زندہ دلی کی علامت ہے۔ ثقافتی تہوار ہر علاقے کی پہچان اور انفرادیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ کرونا کے نئے ایس او پیز کے تحت ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر عوام کو تفنن طبع کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ پنجاب کثیر الجہتی ثقافتوں کا مرکز ہے اور یہی پنجاب کی انفرادیت ہے۔ محبت، امن، بھائی چارے، یگانگت اور رواداری پنجاب کی ثقافت کے نمایاں رنگ ہیں اور ثقافت سے جڑی رہنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کلچر ڈے منانے کا مقصد محبت، بھائی چارے اور یگانگت کو عام کرنا ہے۔ پنجاب کی مٹی سے پیار، محبت، مہمان نوازی اور اخلاق کی خوشبو آتی ہے۔ تقریب میں وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر شہزاد اکبر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور، ڈی جی پی آرثمن رائے، ڈی جی پلاک صغریٰ صدف، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ڈاکٹر اسلم ڈوگر، ڈائریکٹر الحمرا آرٹس کونسل ذوالفقار زلفی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پکار رضوان شریف،ڈائریکٹر لاہور میوزیم اعجاز منہاس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے کی چار اہم شاہراہوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ہائی وے سیکٹر کے چاروں منصوبوں سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ تعمیرات و مواصلات کو شاہراہوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھائے اور منصوبوں سے متعلقہ امور کو مقرر کردہ ٹائم لائن کے اندرمکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ چیچہ وطنی، رجانہ، پیر محل، چوک اعظم، لیہ اور تونسہ دو رویہ سڑک کے منصوبے کا رواں برس سنگ بنیاد رکھا جائیگا۔ جھنگ بائی پاس، شورکوٹ رورڈ کا منصوبہ بھی جلد شروع کریں گے۔150کلو میٹر طویل دیپالپور، پاکپتن، وہاڑی روڈ کے منصوبے کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔ 75کلومیٹر طویل حاصل پور، بہاولنگر روڈ کے منصوبے پر کام کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ساہیوال کو موٹر وے سے لنک کیا جائے گا، جس پر 25کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ چیچہ وطنی کو بھی موٹر وے سے منسلک کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیرآباد، سمبڑیال، سیالکوٹ روڈ پر بھی کام جلد شروع کریں گے۔ ہر منصوبے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے خوشاب کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ الیکشن سے نام نہاد اپوزیشن کا پول کھل گیا۔ عمران خان نے مخالفین کو سیاسی بصیرت سے چاروں شانے چت کردیا۔ مخالفین کو اب سکون سے 2023 کے انتخابات کا انتظار کرنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا ریاست کے فرائض میں شامل ہے۔ حکومت صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے وضع کردہ حکمت عملی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا ئے گا۔ نئے پاکستان میں کوئی بھی صارف اپنے حقوق سے محروم نہیں ہو گا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح گوجرانوالہ میں بھی ’’پنجاب کلچر ڈے،، کے موقع پر ضلع کی سطح پر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز سمیت دیگر افسران نے پنجاب کے روایتی ملبوسات زیب تن کرتے ہوئے اور خوبصورت پگڑیاں پہن کر پنجاب کے روایتی کلچر سے اپنے پیار کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ثمن رائے نے پنجاب کلچر ڈے کے حوالہ سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پنجاب کاکلچر ہماری تہذیب اور قومی امنگوں کا ترجمان ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد میں بھی ’’پنجاب کلچر ڈے،، منایا گیا۔