• news

پاک فوج نے امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں: شیخ رشید

اسلام آباد+دوحہ (وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ) فرنٹیر کور (نارتھ) کی پاسنگ آؤٹ تقریب سکائوٹس ٹریننگ اکیڈیمی وارسک، پشاور میں منعقد ہوئی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایف سی کے 28 ویں ریکروٹ بَیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایف سی نارتھ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور دوران تربیت بہترین کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا نئے تربیت یافتہ جوانوں کو افواج پاکستان کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاک افواج نے پاکستان میں امن کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ پاک افواج کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں خیبر پختونخواہ میں قیام امن کے لئے فرنٹیر کور کی کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل عادل یاسین نے وزیر داخلہ کو یادگاری کلہّ پیش کیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔ پاکستان کے سفیر نے دوحا انٹرنیشنل ائرپورٹ پر استقبال کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید ملی پول قطر نمائش میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ قطری وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاک قطر تعلقات کے فروغ کیلئے وفود کی سطح پر سربراہی کریں گے۔دریں اثناء شیخ رشید امیر قطر سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن