• news

مریم نواز کی ضمانت منسوخی‘ لاہور ہائیکورٹ آج نیب درخواست کی سماعت کرے گی

لاہور( این این آئی) قومی احتساب بیورو کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست پر سماعت آج ( پیر) کے روز ہو گی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس جاوید گھرال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ نیب کی جانب سے پراسکیوٹر جنرل نیب کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز لاہور ہائیکورٹ سے چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہا ہیں، مریم نواز ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مسلسل ریاستی اداروں پر حملے کر رہی ہیں، مریم نواز میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ریاستی اداروں کیخلاف بیان بازی کر رہی ہیں اورریاست مخالفت پراپیگنڈہ کرنے میں بھی مصروف ہیں، مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز میں دستاویزات طلبی کیلئے 10 جنوری 2020 کو نوٹس بھجوائے گئے تھے لیکن اس پر کوئی توجہ دی گئی اور نہ مطلوبہ ریکارڈ فراہم کیا گیا،مریم نواز کے دستاویزات فراہم نہ کرنے پر 11 اگست 2020کو مریم نواز کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا، مریم نواز نے اپنی سیاسی طاقت کا استعمال کیا اور نیب آفس پر حملہ کروایا،مریم نواز کے کارکنوں نے پولیس اور نیب آفس پر پتھرئوا کیا جس کا مقدمہ علیحدہ سے درج کیا جاچکا ہے، مریم نواز پیش نہ ہو کر نیب کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، مریم نواز اپنے ہتھکنڈوں سے عوام میں یہ تاثر دے رہی ہیں کہ ریاستی ادارے غیر فعال ہو چکے ہیں، مریم نواز جان بوجھ کر ریاستی اداروں کی ساکھ خراب ہونے کے بیانات دے رہی ہیں، استدعا ہے کہ چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منسوخ کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن