سینٹ الیکشن میں مزیدار کھیل ہوا‘ سب نے ایک دوسرے سے بدلہ لیا: پرویزخٹک
اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع پرویز خٹک نے ایوان بالا (سینٹ) کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی شکست پر طنز کیا ہے۔پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ سینٹ انتخابات میں بڑا مزیدار کھیل ہوا، سب نے ایک دوسرے سے بدلہ لیا جبکہ دوسرے مرحلے میں (ن) لیگ نے پیپلز پارٹی سے بدلہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 7 ووٹ ڈائریکٹ ڈال کر مسترد کرائے تاکہ سمجھ آجائے کہ جھٹکا کیسے دیتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو بھی دھوکا دیا، مجھے تو بڑا مزا آیا اور یہ کھیل آگے بھی چلے گا۔ اپوزیشن سے متعلق وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ یہ اسی طرح ایک دوسرے کو ماریں گے اور ہم تماشا دیکھیں گے انجوائے کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم مولانا کو بیوقوف بنارہی ہے، مولانا کو عقل آجانی چاہیے کہ پی ڈی ایم کی صدارت چھوڑ دیں۔ کل یہ دھرنے کیلئے آئے تو مولانا کو آدھے راستے میں چھوڑ جائیں گے۔پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے ہی مخلص نہیں۔ اتوار کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے ایک دوسرے سے مخلص نہیں، پہلے مرحلے میں سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی نے ن لیگ کے ووٹ یوسف رضاگیلانی کو دلوائے لیکن پیپلزپارٹی نے خود ن لیگ کو دھوکہ دیا اور ن لیگ کی امیدوار کو جان بوجھ کر ہرایا، اسی طرح دوسرے مرحلے میں جب چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخابات ہوئے تو وہی بدلہ ن لیگ نے پیپلزپارٹی سے لیا، پہلے ن لیگ والوں نے اپنے سات ووٹ مسترد کرائے تاکہ پیپلزپارٹی کو سمجھ آ جائے کہ دھچکا کسے کہتے ہیں۔