• news

استعفے ایٹم بم آخری آپریشن کے طور پر استعمال کر نا چاہئے بلاول

حیدرآباد (نامہ نگار) بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں پریذائیڈنگ افسر پر جانبداری کا الزام عائد کردیا ہے۔ حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے کہا کہ پی ڈی ایم  کو ضمنی انتخابات میں واضح کامیابی ملی اور چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں بھی  پی ڈی ایم کا امیدوار کامیاب ہوا۔ پی ڈی ایم کے امیدوار کو 49 اور حکومتی امیدوارکو 48 ووٹ پڑے لیکن پریذائیڈنگ افسر نے صحیح ووٹ کو منسوخ کرکے اپنے امیدوار کو جتوا دیا۔ عدالت کا فیصلہ آئے گا تو سب کو معلوم ہوجائے گا کہ سینٹ میں بھی حکومت کو شکست ہوئی۔ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں اگلا لائحہ عمل طے کریں گے۔ صوبوں میں حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ چیئرمین سینٹ کے الیکشن پر عدالت جائیں گے۔ ضمنی انتخابات اور سینٹ الیکشن  سے بائیکاٹ کرتے تو خان صاحب خوشیاں منا رہے ہوتے۔ پاکستانی عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں سلیکٹڈ حکومت کے نہیں۔ استعفوں کے فیصلے پر پی ڈی ایم کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجتماعی فیصلوں  کے مطابق الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ہمارے استعفے نہ دینے کا فیصلہ صحیح تھا۔ اب تک جو کامیابی ملی ہیں وہ اسمبلی میں رہتے ہوئے ملی ہیں۔ ہماری جدوجہد اب اہم پوائنٹ پر پہنچ چکی ہے۔ سیاسی فیصلہ کرکے ہم حکومت کو سیاسی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ استعفے کو ایٹم بم اور آخری آپشن کے طور پر استعمال کرنا چاہئے۔ ناجائز حکومت کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں ۔ عوام کو اپنے فیصلے لینے کا حق حاصل ہے۔بلاول نے صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان کو ٹیلی فون کیا اور اسفند یار ولی کی خیریت دریافت کی۔

ای پیپر-دی نیشن