• news

 بڑی مچھلیوں کی اربوں کی کرپشن‘ منی لانڈرنگ سے متعلق ثبوت ہیں: جاوید اقبال

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمن جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کے پاس بڑی مچھلیوں کی اربوں روپے کی بد عنوانی اور منی لانڈرنگ  کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیب نے معزز حتساب عدالتوں میں قانون کے مطا بق بدعنوانی کے 1230ریفرنس دائر کئے ہیں جو کہ زیر سماعت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر کرائمز اور سٹریٹ کرائم میں فرق ہے۔ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ عالمی اقتصادی فورم ،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، پلڈاٹ، مشال پاکستان نے نیب کی انسداد بدعنوانی کی کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 714ارب روپے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں۔ نیب نے سینئر سپروائزری سٹاف کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔ اس میں ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر، لیگل قونصل، مالیاتی اور لینڈ ریونیو کے ماہرین شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب افسر قانون کے مطابق عزم و ہمت سے کام کر رہے ہیں۔ نیب وائٹ کالر میگا کرپشن کیسز کی تحقیقات کے لے پر عزم ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا آٹا اور چینی سیکنڈل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن