7ارب کے پیکج کا اعلان 313رمضان بازار غریب کو ریلیف دینگے عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے رمضان المبارک میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے 7 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں 313 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ آٹے کا 10 کلو کا تھیلا رمضان بازاروں میں مارکیٹ پرائس سے 120 روپے سستا ملے گا۔ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے میں دستیاب ہو گا۔ صرف سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت تقریباً 3 ارب 50 کروڑ روپے سبسڈی دے گی۔ رمضان بازاروں میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ خریدارو ں کی زندگیو ں کے تحفظ کے لئے سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہو گا۔ زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی جائیں گی۔ پھل اور سبزیاں 2018ء کے ریٹ کے مطابق صارفین کو دستیاب ہوں گی۔ دال چنا، بیسن ، کھجور اور دیگر اشیاء ضروریہ بھی رمضان بازاروں میں 2018ء کے نرخوں پر ملیں گی۔ رمضان بازاروں میںچینی 60 روپے فی کلو دستیاب ہو گی۔ گھی، چکن اور انڈے مارکیٹ سے 10سے 15 روپے کم قیمت پر ملیں گے۔ وزیر اعلی نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مستقل بنیادوں پر ریلیف دینے کے لئے سہولت بازاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سہولت بازاروں کے ذریعے اپنے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے مستقل نجات دلاؤں گا۔ عثمان بزدار نے رمضان بازاروں کے انتظامات میں خصوصی بچت اور کفایت شعاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کے انتظامات کیلئے کم سے کم اخراجات کئے جائیں اور اس مد میں بچائی گئی رقم کو عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے خرچ کیا جائے۔ غریب آدمی کو ہر صورت میں معاشی ریلیف دیں گے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ رمضان بازار کا آغاز 25 شعبان سے کیا جائے۔ میں خود رمضان بازاروں کے دورے کروں گا۔صوبائی وزراء اور سیکرٹریز بھی دورے کریں گے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی اجلاس میں رمضان پیکیج کے حوالے سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی اورعوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مختلف دیہات میں اراضی کی فرد اور انتقال کی سہولت فراہم کر دی گئی اور بورڈ آف ریونیو نے 107 دیہی مراکز مال کو فعال کر دیا ہے۔ اب عوام کو اراضی کی فرد اور انتقال کی سہولت دیہات کی سطح پر ملے گی۔ 700 مزید دیہی مراکز مال کو رواں ماہ کے اختتام تک فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں برس کے آخر تک پورے صوبے میں مجموعی طور پر 8000 دیہی مراکز مال فعال کر دیئے جائیں گے۔ 144439 ایکڑ سرکاری اراضی قبضہ گروپوں سے واگزار کرائی گئی ہے جس کی مالیت تقریبا 425 ارب روپے بنتی ہے۔ عثمان بزدار نے کرونا کی حالیہ لہر کے پیش نظر نئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو وہ لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے۔ متعلقہ حکام نئے ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔ عوام کی زندگیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ تاجر برادری عوام کی زندگیوں کو مقدم رکھے۔ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جا سکتی ہیں۔ عثمان بزدار نے ساہیوال کے قریب عارف والا روڈ پر ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار نے شہباز گل سے پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز گل کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت ہر لحاظ سے افسوسناک ہے۔ شہباز گل ہمارے قابل احترام سیاسی کارکن ہیں۔ عثمان بزدارنے پنجاب بھر میں تجاوزات، قبضہ مافیا، ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو رات گئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ بزدار نے کہا کہ صوبے میں گورننس کو ہر صورت بہتر بنانا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے پرائس کنٹرول میکنزم پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ تجاوزات، قبضہ مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی مزید تیز کی جائے اور کریک ڈاؤن کر کے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ وزیراعلی آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ذخیرہ اندوزوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔