منہگائی کو لگام نہ ڈالی تو رمضان میں غریب کو مزید مشکل ہوگی پرویز الہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کو چاہئے کہ وہ عوام کا خیال رکھیں۔ حکومت روز بروز مہنگائی اور بے روزگاری کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کرے۔ اگر مہنگائی کے جن کو لگام نہ ڈالی گئی تو رمضان المبارک میں غریب آدمی مزید مشکل کا شکار ہو جائے گا۔ انہوں نے کرونا کی نئی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔ اس وباء کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہوگا۔ ترجمان کنجی بردار خانہ کعبہ الحاج میاں عبدالرحمان‘ میاں ناصر اسلام‘ میاں قاسم کی ہمشیرہ کی شادی فیصل آباد کے معروف چارٹرڈ اکائونٹنٹ مالیاتی مشیر اور کاروباری شخصیت میاں محمد فاروق کے صاحبزادے محمد عفان فاروق سے انجام پائی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی تھے۔ مہتمم جامع اشرافیہ لاہور مولانا فضل الرحیم نے میاں صاحبان کی ہمشیرہ کا نکاح پڑھایا اور خصوصی دعا فرمائی۔ تقریب میں مہمانوں کی تواضع مکہ مکرمہ سے آئے آب زم زم اور عجوہ کھجور سے کی گئی۔ جبکہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سابق وزیر اعجاز الحق، پارلیمانی سیکرٹری نذیر چوہان ،سی پی او فیصل آباد سہیل چودھری، ڈی سی او فیصل آباد محمد علی ناصر سیال، جی ایم سکندر، میڈیا کوآرڈینیٹر سپیکر پنجاب اسمبلی محمد اقبال چودھری، راجہ بشارت اور سعودی عرب سے کلید بردار خانہ کعبہ کی طرف سے آئے ہوئے وفد نے خصوی شرکت کی۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، اسلامک سکالر حکیم طارق محمود چغتائی عبقرری والے‘ SSP ملک کرامت، صدر آرائیں ایسوسی ایشن میاں سعید ڈیرے والے، چن ون گروپ کے سی ای او میاں کاشف، میاں اشفاق، میاں عمر‘ معروف قاری صداقت علی‘ نعت خواں احمد رضا قادری، مرغوب احمد ہمدانی و دیگر کاروباری حضرات نے بھی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔