گزشتہ ہفتے 26 اشیائے ضروریہ مہنگی‘ 7 سستی ہوئیں: سیکرٹری خزانہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی صدارت میں نیشنل پرائس کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس ہوا، گزشتہ ہفتے 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 7 میں کمی ہوئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرائ، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں ضروری اشیاء جن میں گندم، آٹا، ٹماٹر، ویجی ٹیبل گھی، چکن، انڈے شامل ہیں کی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر صنعت نے ملک میں چینی کی قیمتوں پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گنے کی کرشنگ کا سیزن ختم ہو گیا ہے۔ چینی کی پیداوارگزشتہ سال کے مقابلہ میں زیادہ رہی۔ وزیر صنعت نے کہا کہ، چینی اور گندم کی درآمد سے آئندہ ہفتوں میں قیمتوں میں کمی آئے گی۔ جبکہ یو ایس سی رمضان میں سبسڈی پر گھی فروخت کرئے گا، رمضان المبارک میں 19 اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی۔ سیکرٹری خوراک و زراعت نے بتایا کہ ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ جس پر کمیٹی نے صوبوں میں آٹے کی ارزاں نرخوں پر طلب کے مطابق فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مناسب نرخ پر چیزوں کی فروخت کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلف دینے کے لئے پر عزم ہے۔