پی سی بی نے اقربا پروری کی انتہا کردی:نعمان بٹ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر نعمان بٹ کہتے ہیں کہ پی سی بی نے صوبائی ایسوسی ایشنز بورڈز تشکیل دیتے ہوئے اقربا پروری کی انتہا اور ان کے دائرہ کار کا تعین کرتے وقت آئین و قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ منتخب نمائندوں کے اختیارات نامزد افراد کے سپر کر دیے گئے ہیں۔ بورڈ اراکین کا ڈیلی الاؤنس بھی کسی مذاق سے کم نہیں ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات نے نچلی سطح کی کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ انصاف اور معیار کا مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ احسان مانی اور ان کی ٹیم پاکستان کرکٹ کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ بورڈ انتظامی طور پر ناکام ثابت ہو چکا ہے۔ ڈھائی برس میں ناکامیوں اور تنازعات کے سوا اس بورڈ نے کچھ نہیں دیا۔ کھلاڑیوں سے لڑائیاں ہیں، پاکستان سپر لیگ جسے ہم نے محنت سے کامیاب برانڈ بنایا موجودہ انتظامیہ کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پی ایس ایل کا مستقبل بھی داؤ پر لگا ہوا ہے۔