• news

7.8ارب کے رمضان پیکج کی منظوری پی آئی اے سمیت 5اداروں کا آڈٹ جاری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اجلاس میں وفاقی کابینہ نے رمضان المبارک کے لیے 7.8ارب روپے کے پیکج کی منظوری دے دی۔19  اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی۔  افغان پناہ گزینوں کو دو سال کے لیے سمارٹ کارڈ جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ کابینہ کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان کرنے والے سرکاری اداروںکا فرانزک آڈٹ کرانے  کے معاملے پر کابینہ کو  بریف کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ آڈٹ اے جی پی اور معروف نجی کمپنیوں سے کرایا جائے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان ریلویز، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کارپوریشن، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور جینکو تھری ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ کا فارنزک آڈٹ کرایا جا رہا ہے۔ یہ عمل تیس جون 2021تک مکمل ہو جائے گا۔ اگلے مرحلے میں پاکستان پوسٹ، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، حیدرآباد  الیکٹرک سپلائی کمپنی، لاہور  الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر  الیکٹرک سپلائی کمپنی کا آڈٹ کرایا جائے گا۔  کابینہ نے ڈاکٹر راجا مظہر حمید کو منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے حکومت گلگت کی ریکوسٹ پر گلگت بلتستان سکائوٹس کی سترہ پلاٹونوں کو گلگت بلتستان میں ایک سال سال کے لئے انٹرنل سیکورٹی پر مامورکرنے کی ایکس پوسٹ فیکٹو (بعد از وقوع  واقعہ) منظوری دی۔ کابینہ نے  چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کے عہدے کا اضافی چارچ نادر ممتاز کو مزید تین ماہ کے لئے دینے کی منظوری دی۔کابینہ نے  ہومیو ڈاکٹر رائو غلام مرتضیٰ کے بطور صدر نیشنل کونسل فار ہومیو پیتھی اور ہومیو ڈاکٹر سعید الرحمان خٹک کے بطور وائس چیئرمین  نوٹیفکیشن کے اجرا کی منظوری دی۔  کابینہ نے ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے پٹرولیم پالیسی 2012کے تحت  جمع کیے جانے والے ویلفیئر فنڈ کے استعمال کی گائیڈ لائنز میں ترمیم کی منظوری دی۔ ترامیم کے مطابق ویلفیئر فنڈ کے  علاقے میں استعمال کے حوالے سے ترجیحات کا تعین کرنے والی کمیٹی میں متعلقہ علاقے کا منتخب نمائندہ  شامل ہوگا اور وہ کمیٹی کا چئیرمین ہوگا۔ کمیٹی کا سربراہ وفاقی وزیر مقرر کرے گا۔ اس کے علاوہ  صحت، تعلیم، واٹر سپلائی اور ڈرینیج  (نکاسی) کے ساتھ ساتھ ویلفیئر فنڈ  ڈرگ سے متعلقہ آگاہی، سپورٹس کا فروغ، خصوصی ضروریات کے حامل افراد (معذور افراد)، تعلیمی  سہولتوں کی بہتری،  پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت، سڑکوں کی تعمیر اور مقامی طالبعلموں کو سکالرشپ دینے پر خرچ کیا جا سکے گا۔ اگر کوئی منصوبہ دو حلقوں میں واقع ہے تو دونوں حلقوں میں ویلفیئر فنڈ کی مد میں اکائونٹ کھولا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ دونوں حلقوں میں ان فنڈ کے منصفانہ  استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔ نوشہرہ میں ریلوے کی زمین پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیرکے حوالے سے  کابینہ کو بریفنگ کا ایجنڈا  ایک ہفتے کے لئے موخر کر دیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک کی ستائیس فیصد آبادی کو پائپ گیس میسر آرہی ہے۔ کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ گیس کے شعبے میں گردشی قرضوں کے مسئلے پر قابو پانے اور گیس کے حوالے سے آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ لوکل اور درآمد شدہ گیس کی ویٹیڈ  اوسط قیمت مقرر کی جائے۔ اجلاس نے کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات  کے 11 فروری 2021 اور 18 فروری 2021 کے اجلاسوں‘ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10مارچ 2021 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ اس ضمن میں ایک اہم فیصلہ ڈسپوزایبل  سرنج کی درآمد اور مقامی طور پر ایسی سرنج کی تیاری کے لئے استعمال ہونے والے خام مال کی درآمد پر ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کی منظوری شامل ہے۔ کابینہ نے قانون کی خلاف ورزیوں میں ملوث آئل کمپنیوں کے خلاف  کارروائی کرنے کی منظوری دی۔  کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 04مارچ 2021، 11مارچ 2021 اور 15مارچ 2021کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے عون عباس بپی کے بطور  منیجنگ ڈائریکٹر بیت المال استعفے کی منظوری دی۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔ وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری جن کے ہمراہ وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر بھی تھے‘ نے کہا کہ غریب طبقے پر رمضان میں بوجھ نہیں پڑنا چاہیے۔ اس لیے حکومت نے 7.8 ارب روپے کے رمضان پیکج کو منظور کر لیا ہے۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے 6 افراد کو اسلحے کے ممنوعہ اور غیرممنوعہ لائسنسز جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان افراد میں وزیراعلی پنجاب بھی شامل ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کی جامع پالیسی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے بتایا کہ وزیراعظم کا سب سے زیادہ وقت مہنگائی کو نیچے لانے پر صرف ہوتا ہے اور ہمیں اتنی تباہ حال معیشت ملی تھی کہ تمام کوششوں کے باوجود قرضوں کے بوجھ سے نمٹنا آسان نہیں ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز ایک تباہ شدہ ادارہ تھا لیکن حماد اظہر نے آج خوشخبری سنائی ہے کہ اس سال کے آخر تک وہ خسارے سے باہر آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حماد اظہر نے اس موقع پر بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی پر 40روپے فی کلو، تیل پر 20 روپے فی لٹر، کھجوروں پر 20 روپے فی کلو اور چاول پر 10 روپے فی کلو تک سبسڈی دی جائے گی۔ ربیع کے سیزن میں کسانوں کی جانب سے یوریا کی دس سال میں سب سے زیادہ مقدار استعمال کی گئی۔ یوریا کے دو نجی پلانٹس لگانے کے حوالے سے منظوری دی گئی۔ جولائی سے لیکر جنوری تک 7.8 فیصد گروتھ دیکھنے میں آئی۔ اس وقت انڈسٹری اچھے نمبرز میں جاتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین اور وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزیاں کرنے والی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ پی ڈی ایم سیاسی یتیموں کا گروہ ہے۔ محمود اچکزئی‘ آفتاب شیرپاؤ جیسے لوگ کہہ رہے ہیں کہ استعفے دے دیں‘ وہ تمام لوگ جن کا سسٹم میں کوئی حصہ ہی نہیں وہ استعفوں کا کہہ رہے ہیں‘ تاہم توقع ہے پی پی اور (ن) لیگ ایسا فیصلہ نہیں کریں گے‘ اگر وہ فیصلہ کرتے بھی ہیں تو دیکھیں گے کون سنتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن