• news

کرونا: ماتحت عدلیہ میں ماسک لازمی‘ غیرمتعلقہ افراد داخل نہیں ہو سکیں گے

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد ضلعی عدلیہ کیلئے ہدایات نامہ جاری کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹ جوڈیشری لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ہدایت نامہ بھجوایا گیا۔ ججز، سٹاف، وکلا اور عدالتوں میں آنے والے ہر فرد کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ ڈیوٹی پر مامور پولیس سٹاف کے لئے بھی ماسک کی پابندی لازمی ہوگا۔ تمام مرکزی دروازوں، پارکنگ اور عدالتوں میں ہینڈ سینی ٹائزر کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ عدالتی احاطوں اور کمروں کو دن میں دو مرتبہ مجوزہ جراثیم کش ادویات سے ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔ جن ملازمین کے خاندان میں سے کوئی فرد کرونا وائرس کا شکار ہو وہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔ تمام ملازمین غیر ضروری میل جول سے مکمل اجتناب کریں گے۔ صرف متعلقہ افراد، وکلاء اور فریقین کو ہی عدالتوں میں آنے کی اجازت ہوگی۔ تقاریب اور اجلاسوں پر پابندی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن