مریم نواز کی 26مارچ کو نیب طلبی ضمانت فوری معطل نہیں ہوسکتی لاہور ہائیکورٹ
لاہور (سٹاف رپورٹر+اپنے نامہ نگار سے) نیب کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو 26 مارچ کو نیب آفس میں طلب کر لیا ہے۔ مریم نواز کو چودھری شوگر مل کیس کے حوالے سے طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے متعدد دستاویزاتی ثبوت حاصل کر لئے گئے ہیں۔ مریم نواز کی پیشی کے حوالے سے نیب آفس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے اور نیب آفس کے باہر بھی پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے چیئرمین نیب کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی استدعا کی۔ مریم نواز کی ضمانت کا حکم فوری طورپر معطل نہیں کیا جا سکتا۔ تحریری حکم کے مطابق نیب نے کہا کہ دوبارہ طلبی کے باوجود مریم نواز پیش نہیں ہوئیں۔ عدالت کے تحریری حکم میں بتایا گیا ہے کہ 7 اپریل کو وفاقی سیکرٹری داخلہ کو نیب کی درخواست پر تفصیلی جواب داخل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے جس پر عدالت نے مریم نواز کو 7 اپریل کیلئے نوٹس جاری کیا ہے۔