حکومت کے اچھے کاموں کو پذیرائی ملنی چاہیے شبلی فراز
اسلام آباد (نامہ نگار) جمہوریت کی بالادستی کیلئے میڈیا آزادی ضروری ہے، معاشرے میں ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ پاکستان میں میڈیا کو جو آزادیاں حاصل ہیں وہ تھرڈ ورلڈ ممالک میں کہیں پر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام آزادی اظہار رائے اور میڈیا کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے منعقدہ سیمینارسے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز، وفاقی وزیر فواد چوہدری، مسلم لیگ(ن)کے احسن اقبال سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے جلد بل پارلیمنٹ میں لایا جائے گا۔ وہ بدھ کو مقامی ہوٹل میں "فریڈم آف دی پریس اینڈ ریزولیشن آف میڈیا کرائسس " سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہماری حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آزادی اظہار یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ میڈیا اور پریس کے ساتھ تعلق بہتر ہو۔ اسکے بغیر سیاسی حکومت اور جمہوریت کو پذیرائی اور مضبوطی نہیں مل سکتی۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں میڈیا کو جو آزادیاں حاصل ہیں وہ تھرڈ ورلڈ ممالک میں کہیں پر نہیں، معاشرے میں ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے، ملک میں اگر عورت مارچ ہو تو اس کی مخالفت میں مارچ کی بھی اجازت ہونی چاہئے۔ شعبہ صحافت سے وابستہ افراد کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔ تحریک انصاف حکومت ملک میں ایسا معاشرہ دیکھنا چاہتے ہیں جہاں ہرکسی کو مکمل آزادی ہو اور اس بات کا بھی خیال ہو کہ اپنی آزادی کے ساتھ دوسرے کی بھی آزادی کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ فور جی اور فائیو جی پر امریکہ اور چین کے درمیان جنگ چل پڑی ہے جبکہ پاکستان میں بھی فائیو جی کے آنے سے اب مین سٹریم میڈیا کم ہو سکتا ہے، ڈیجیٹل بزنس میں اضافہ سے ان کو بھی اشتہارات دیئے جائیں گے، جس سے مین اسٹریم میڈیا کے اشتہارات کی مد میں آمدن کم ہونے کا بھی امکان ہے۔ پیپلز پارٹی کے فرحت اللہ بابر نے کہاکہ آزاد صحافت کی جدوجہد پی ایف یو جے سے جدا نہیں کیا جا سکتا،کون ہے جو آزادی صحافت پر قدغن لگانا چاہتا ہے۔ مسلم لیگ(ن )احسن اقبال نے کہاکہ آج صحافی نہ صرف ملک کی جدوجہد بلکہ ملک کی سپرٹ بچانے کی جدوجہد میں ہیں، سو شو اکنامک انڈیکیٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو پچاس سال میں پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو آج قائداعظم کے وژن کے مطابق نہیں چلنے دیا جا رہا۔ سینئر صحافی مظہر عباس ، سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی،حامد میر، محمد مالک کا بھی خطاب۔ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل خوش دل خان نے کہاکہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، ہم آپ کے لانگ مارچ میں آپ کے شانہ بشانہ ہونگے۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ پہلے سنسرشپ ہوتی تھی تو مزاحمت بھی ہوتی تھی، اب نہیں ہوتی ۔ اجلاس کے آخر میں پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ نے تمام شرکا شکریہ ادا کیا ۔